ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ،سیاسی جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی Home / خیبر پختونخوا,سیاست /

پشاور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ،سیاسی جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی

سپر ایڈمن - 14/11/2025 153
پشاور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ،سیاسی جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی

احتجاجی ریلیوں، جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری مشینری کے استعمال کے خلاف دائر درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے چار صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے صوبائی حکومت اور تمام متعلقہ فریقین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی سیاسی اجتماع، جلسے یا ملین مارچ میں سرکاری وسائل، مشینری یا سرکاری ملازمین کا استعمال نہ کیا جائے۔

 

تحریری فیصلے میں عدالت نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری مشینری اور عملے کا استعمال کرتی رہی ہے، جو نہ صرف انتظامی اصولوں کے خلاف ہے بلکہ ضابطہ اخلاق اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں بھی آتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال ریاست کی غیرجانبداری کو متاثر کرتا ہے۔

 

درخواست گزار کے مطابق احتجاجی ریلی میں استعمال ہونے والی صوبائی حکومت کی مشینری تاحال وفاق کے قبضے میں موجود ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال آئین کے آرٹیکلز 4، 5 اور 25 کی خلاف ورزی ہے اور یہ قومی خزانے پر غیرضروری بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا کہ ریاست سرکاری تقریبات اور سیاسی اجتماعات کے درمیان واضح تفریق برقرار رکھے۔

 

پشاور ہائی کورٹ نے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات حکومتی غیرجانبداری، اچھی طرز حکمرانی اور عوامی اعتماد کو متاثر کرتے ہیں، لہٰذا ان پر فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

تازہ ترین