بنوں میں موجودہ دہشت گردی کی صورتحال کے پیشِ نظر سرکاری حکام نے تمام سرکاری ملازمین کے لیے خصوصی حفاظتی احکامات جاری کر دیے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق موجودہ حالات میں شرپسندی اور اغواء کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سبب ملازمین کو اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
احکامات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین اپنی گاڑیوں میں سرکاری شناخت ظاہر نہ کریں اور دورانِ سفر ڈیوٹی سے متعلق گفتگو سے گریز کریں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ دیہات کی دکانوں، بیٹھکوں یا مجمعوں میں بیٹھنے سے اجتناب کیا جائے اور غیر ضروری سفر یا اجتماعات سے مکمل پرہیز کیا جائے۔ چھٹی پر آنے کی صورت میں ملازمین کو تاکید کی گئی ہے کہ اپنی آمد کے بارے میں کسی کو آگاہ نہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے اور دوستوں کی محفلوں سے وقتی طور پر دوری اختیار کی جائے، جبکہ کسی بھی ثوبت یا اجتماع میں شرکت سے پرہیز ضروری ہے۔ اگر رات کے وقت دروازے پر کسی کی دستک ہو تو دروازہ ہرگز نہ کھولا جائے۔ ملازمین کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے موبائل فون میں موجود سرکاری یا ذاتی ڈیٹا کو محفوظ رکھیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ایسے گاؤں یا علاقوں کا سفر نہ کیا جائے جہاں شرپسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع ہو۔ سفر سے پہلے راستوں کی نشان دہی کر لی جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کہیں کوئی ناکہ یا ممکنہ خطرہ موجود نہ ہو۔
