نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں غیرقانونی گولڈ مائنگ کے دھندے میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس چوکی صابر آباد کا محرر جمال خان غیرقانونی گولڈ مائنگ مافیا کا مبینہ سہولت کار نکلا۔ اہم شواہد سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نوشہرہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چوکی صابر آباد کو معطل کر دیا اور واقعے کی محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

 

ڈی ایس پی آکوڑہ خٹک جواد خان نے بھی تصدیق کی ہے کہ محرر جمال خان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر معطل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کی جانب سے دیے گئے بیانات اور ویڈیوز میں انکشاف ہوا ہے کہ پولیس اہلکار مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر ایکسویٹرز اور ڈیزل کی ترسیل میں ملوث تھے۔

مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ معطل محرر جمال خان کے خلاف بھاری رشوت وصول کرنے کے ثبوت بھی محکمانہ حکام کے پاس موجود ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقات جاری ہیں۔