خیبر پختونخوا امن جرگے میں سیاسی قیادت، قبائلی مشران اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت پر صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شفیع جان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور سپیکر بابر سلیم سواتی تاریخی امن جرگے کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کے مطابق، یہ جرگہ صوبے میں پائیدار امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ قانون کی بالادستی، انصاف اور عوامی خدمت پر زور دیا ہے، اور خیبر پختونخوا حکومت ان کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔
شفیع جان نے بتایا کہ امن جرگے کے اختتام پر صوبے کے پائیدار امن کے لیے 15 نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں سیاسی ہم آہنگی، سیکیورٹی تعاون اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی امن جرگہ نہ صرف صوبے بلکہ عالمی سطح پر امن کا ایک مثبت پیغام بن کر اُبھرے گا، اور خیبر پختونخوا حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر امن و ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی۔