ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
لنڈی کوتل: پاک افغان بارڈر کی بندش کے خلاف گرینڈ جرگہ، فوری سرحدی کھولنے کا مطالبہ Home / قبائلی اضلاع /

لنڈی کوتل: پاک افغان بارڈر کی بندش کے خلاف گرینڈ جرگہ، فوری سرحدی کھولنے کا مطالبہ

سپر ایڈمن - 10/11/2025 241
لنڈی کوتل: پاک افغان بارڈر کی بندش کے خلاف گرینڈ جرگہ، فوری سرحدی کھولنے کا مطالبہ

پاک افغان بارڈر کی طویل بندش کے خلاف تحصیل چیئرمین آفس لنڈی کوتل میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں چیمبر آف کامرس کے نمائندگان، سیاسی و سماجی رہنماؤں، کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس، ٹرانسپورٹرز، مزدور تنظیموں اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

جرگے سے تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شیرین آفریدی، چیمبر آف کامرس کے صدر یوسف آفریدی، طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری، ٹرانسپورٹ یونین کے سابق صدر حاجی شاکر آفریدی، ملک ماصل شینواری، معراج الدین شینواری اور اسرار شینواری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

 

مقررین نے کہا کہ ماضی میں بھی بارڈر پر حالات خراب رہے لیکن کبھی اتنی طویل عرصے تک سرحدیں بند نہیں رہیں۔ بارڈر بندش سے کاروبار اور تجارت بری طرح متاثر ہے، روزگار کے مواقع ختم ہو چکے ہیں اور مزدور طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکمران اپنی ضد اور انا کا شکار ہیں، غریب عوام اور پشتون قوم کے مسائل سے بے پرواہ ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے سخت ترین دور اور مشکل حالات میں بھی بارڈر بند نہیں ہوا تھا، لیکن اب ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود سرحد بدستور بند ہے جس سے صرف پشتون عوام متاثر ہو رہے ہیں۔

 

جرگے کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ قبائلی مشران، تاجر رہنماؤں، سماجی و سیاسی شخصیات پر مشتمل گرینڈ جرگہ تشکیل دیا جائے اور اسے افغانستان بھیجا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہو سکیں اور بارڈر کھول کر عوام کے مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ اسی طرح افغانستان کی جانب سے بھی مشران اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

تازہ ترین