ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
27 ویں ترمیم سے ایک شخص کو تاحیات استثنیٰ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، مینا خان آفریدی Home / سیاست /

27 ویں ترمیم سے ایک شخص کو تاحیات استثنیٰ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، مینا خان آفریدی

سپر ایڈمن - 10/11/2025 210
 27 ویں ترمیم  سے  ایک شخص کو تاحیات استثنیٰ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، مینا خان آفریدی

وزیر بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو سازش کے تحت ختم کیا گیا، جس کے بعد ملک کی معاشی حالت خراب ہو گئی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو واپس اندھیروں میں دھکیل دیا گیا اور قانون و آئین کی دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں۔

 

مینا خان آفریدی نے خصوصی طور پر 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ 26 ویں ترمیم کے فوری بعد 27 ویں ترمیم لائی جا رہی ہے جس کے ذریعے عدالتوں کو مفلوج کرنے اور ایک شخص کو تاحیات استثنیٰ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "17 سیٹوں والوں کے پاس آئین میں ترمیم کا کوئی حق نہیں" اور بانی آئینِ 1973 کو ختم کرنے کی کوشش غیرقانونی اور خطرناک ہے۔

 

دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ آئین متفقہ طور پر بنایا گیا تھا، اس پر ڈاکہ نہیں ڈلوایا جا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کو استثنی دینے کی کوششوں کے بعد بعض حلقے پیچھے ہٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ شفیع جان نے کہا کہ "یہ ترامیم پی ٹی آئی کے راستے کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں" اور پیپلز پارٹی کو 27 ویں ترمیم کے ساتھ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ  پیپلز پارٹی نے 27 ویں ترمیم کا ساتھ دے کر بی بی شہید اور ذوالفقار علی بھٹو شہید سے بے وفائی کی ہے۔

 

شفیع جان نے مزید کہا کہ آئین و قانون کے ساتھ ان کی جماعت ہر حال میں کھڑی رہے گی اور آئینی و قانونی دائرے میں رہ کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی کو بھی آئینی شقوں کے ذریعے تاحیات مراعات دینا آئین کا مذاق بنانا ہے اور اس طرح کے اقدامات سے جمہوری نظام کو نقصان پہنچے گا۔

تازہ ترین