وزیر بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پختونخوا اسمبلی میں 12 نومبر کو "پختونخوا امن جرگہ" منعقد کیا جائے گا، جس میں صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ پختونخوا امن جرگہ باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے کا ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں مختلف طبقات کے نمائندے امن کے فروغ کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
مینا خان آفریدی کے مطابق جرگے میں علمائے کرام، سیاسی رہنما، قبائلی مشران اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوں گے تاکہ صوبے میں دیرپا امن اور سماجی ہم آہنگی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، جبکہ عوام کی شمولیت کے بغیر دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔
وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ پختونخوا امن جرگہ اختلافات مٹانے، اعتماد بحال کرنے اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ہے۔ عوامی تعاون اور مکالمے سے ہی صوبے میں حقیقی اور پائیدار امن ممکن ہے۔