ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور: عمرہ کی آڑ میں آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار Home / جرائم,خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

پشاور: عمرہ کی آڑ میں آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

سپر ایڈمن - 05/11/2025 2532
پشاور: عمرہ کی آڑ میں آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، ڈیلروں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سیکریٹری ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان کے خصوصی احکامات پر ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو (EIB) کی ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں جاری رکھیں۔

 

پشاور میں کارروائی کے دوران عمرہ کی آڑ میں انسانی جسم کے ذریعے آئس سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو نے پیر زکوڑی پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے اعجاز احمد ولد نور محمد ساکن رحیم یار خان نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 

کارروائی کے دوران ملزم کے چپلوں سے 330 گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ ملزم کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے کے دوران ملزم کے پیٹ سے آئس بھرے متعدد کیپسول بھی برآمد کیے گئے۔

 

پراوینشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور کے مطابق خفیہ اطلاع پر انسپکٹر معظم جان خان اور سب انسپکٹر حمزہ شاروم خان نے کارروائی کی۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم ملتان جا رہا تھا جہاں سے وہ عمرہ کے بہانے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہونا چاہتا تھا۔ ملزم کے نیٹ ورک کے دیگر افراد کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

 

ادھر صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن سید فخر جہان نے آئس کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے 15 روزہ ٹائم لائن مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دو ہفتوں کے بعد کسی علاقے میں منشیات کی دستیابی کی شکایت ملی تو متعلقہ افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین