ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
خیبر:وادی تیراہ کی کشیدہ صورتحال؛ قبائلی عمائدین کا نقل مکانی سے انکار، گرینڈ جرگہ طلب Home / جرائم,خیبر پختونخوا,سیاست,قبائلی اضلاع /

خیبر:وادی تیراہ کی کشیدہ صورتحال؛ قبائلی عمائدین کا نقل مکانی سے انکار، گرینڈ جرگہ طلب

سپر ایڈمن - 04/11/2025 148
خیبر:وادی تیراہ کی کشیدہ صورتحال؛ قبائلی عمائدین کا نقل مکانی سے انکار، گرینڈ جرگہ طلب

خادم خان آفریدی 

 

 ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں جاری کشیدہ اور غیر یقینی صورتحال کے پیشِ نظر مقامی مشران، علمائے کرام، تاجر برادری اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو عارضی طور پر خالی کرنے کے مطالبے سمیت متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، جرگے میں مولانا حضرت خان، مولانا محبوب، مولانا حیوا جان، قومی مشران ادم خان، ملک نصیر خان، زاہد خان، تیراہ تاجر یونین کے عہدیداران، تیراہ سیاسی اتحاد کے نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

جرگے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مشران کو ہدایت کی کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر وادی کو عارضی طور پر خالی کر دیا جائے۔ تاہم قبائلی عمائدین نے فوری طور پر اس مطالبے سے اتفاق نہ کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ علاقے کو چھوڑنا ان کا “آخری آپشن” ہوگا اور ہر فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔

مشران نے اس سلسلے میں مزید گفت و شنید کے لیے تیراہ بریگیڈ میں سیکیورٹی حکام سے ملاقات کی اور ایک دن کی مہلت طلب کی۔ جرگے کے شرکاء نے اعلان کیا کہ کل افریدی اقوام کا گرینڈ جرگہ طلب کیا گیا ہے، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

 

جرگہ مشران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گرینڈ جرگے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ وادی تیراہ کے مستقبل کے حوالے سے اجتماعی فیصلہ کیا جا سکے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، وادی تیراہ میں آباد اقوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ نقل مکانی کے بجائے بات چیت اور امن جرگوں کے ذریعے مسائل کے حل کے حامی ہیں۔ عمائدین کا کہنا ہے کہ وہ امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، تاہم عوام کو اپنے گھروں سے بے دخل کرنے کے کسی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔

تازہ ترین