ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
طورخم بارڈر دوسرے روز بھی کھل گیا، ہزاروں افغان شہری وطن واپس روانہ Home / خیبر پختونخوا,سیاست,قبائلی اضلاع,قومی /

طورخم بارڈر دوسرے روز بھی کھل گیا، ہزاروں افغان شہری وطن واپس روانہ

سپر ایڈمن - 02/11/2025 180
طورخم بارڈر دوسرے روز  بھی کھل گیا، ہزاروں افغان شہری وطن واپس روانہ

پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم گزرگاہ طورخم بارڈر کو افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے آج دوسرے روز بھی کھول دیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گزشتہ روز 7,935 افغان شہری پاکستان سے اپنے وطن واپس چلے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث 20 روز تک بارڈر بند رہنے کے سبب ہزاروں افغان شہری سرحدی علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے۔

مہاجرین کی وطن واپسی کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ اس موقع پر حکام نے افغانستان میں پھنسے خالی ہینو اور چھوٹی گاڑیوں کو بھی پاکستان میں داخلے کی اجازت دے دی۔

 

واپس جانے والے افغان مہاجرین نے پاکستانی عوام اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھانے، پانی اور رہائش سمیت ہر ممکن مدد فراہم کی گئی، جو پاکستانی قوم کی مثالی مہمان نوازی کی عکاسی کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے خیبرپختونخوا پہنچنے والے افغان خاندانوں کی مشکلات کم کرنے اور رش پر قابو پانے کے لیے طورخم بارڈر کو مزید ایک سے دو روز تک کھلا رکھنے کا امکان ہے تاکہ تمام افغان مہاجرین کی بحفاظت واپسی ممکن بنائی جا سکے۔

 

مہاجرین نے مطالبہ کیا کہ بارڈر بندش جیسے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، کیونکہ سرحد کی بار بار بندش سے دونوں ممالک کے عوام مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہتی ہیں۔

دوسری جانب گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور وطن واپسی کے منتظر سینکڑوں مسافروں نے مطالبہ کیا کہ انہیں بھی فوری طور پر سرحد پار کرنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ وہ سرد موسم میں کھلے آسمان تلے مشکلات میں گھِرے ہوئے ہیں اور کھانے پینے کے وسائل ختم ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین