ضلع کرم میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آج دوپہر کولوئر کرم کے علاقے مینگک میں دریاۓ کرم کے کنارے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پیر قیوم کے تین مزدوروں پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت ناصر ولد خیال قوم منگل، عمر 20 سال، اور نیک محمد ولد صحبت خان قوم بنگش، عمر 40 سال، کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق پیر قیوم سے بتایا جا رہا ہے۔
زخمی شخص کی شناخت ابراہیم ولد مظفر خان، عمر 32 سال، قوم پاڑا چمکنی، سکنہ حال پیر قیوم کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تینوں مزدور ٹریکٹر میں دریاۓ کرم سے ریت اور بجری لانے گئے تھے جب مینگک کے جانب سے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر راستوں کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
کرم میں حالیہ مہینوں کے دوران دہشت گردی اور فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، تاہم مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کریں۔