نوشہرہ کے علاقے رسالپور کی تحصیل صبحت کلے میں دینی مدرسے کے معلم پر کمسن طالبعلم کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ بچے کے ماموں نے مؤقف اختیار کیا کہ گاؤں کے مدرسے کے معلم، قاری عاطف، نے ان کے بھانجے عباس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی، جس پر بچے نے خوفزدہ ہو کر واقعہ گھر والوں کو بتایا۔ بچے کے ماموں سعید احمد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 376 اور 511 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچے کو طبی معائنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔