ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے مریضہ جاں بحق، کلینک سیل، مقدمہ درج Home / /

کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے مریضہ جاں بحق، کلینک سیل، مقدمہ درج

Basit Gilani - 28/10/2025 175
کوہاٹ میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے مریضہ جاں بحق، کلینک سیل، مقدمہ درج

کوہاٹ میں واقع بہرام میڈیکل سینٹر میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث معمولی آپریشن کے لیے آنے والی مریضہ جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کے بعد لواحقین کے احتجاج پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کلینک کو سیل کر دیا اور ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل گمبٹ کے علاقے تولنج سے تعلق رکھنے والی مریضہ معمولی علاج کے لیے کوہاٹ شہر میں واقع بہرام میڈیکل سینٹر پہنچی۔ مریضہ کے بھائی اصغر خان کے مطابق لیڈی ڈاکٹر بشریٰ رباب نے چیک اپ کے دوران معمولی نوعیت کے آپریشن کا مشورہ دیا اور مریضہ کو آپریشن تھیٹر منتقل کر دیا۔

 

اہلِ خانہ کے مطابق دو گھنٹے بعد اسپتال عملے نے اطلاع دی کہ مریضہ بے ہوش ہوگئی ہے اور انہیں ادویات لانے کا کہا گیا۔ بارہا یقین دہانی کے باوجود مریضہ ہوش میں نہ آئی، بعد ازاں اسپتال عملے نے اسے سٹریچر پر لایا تو وہ مردہ حالت میں تھی۔ واقعے کے فوراً بعد اسپتال کا تمام عملہ موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود موقع پر پہنچے اور پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بہرام میڈیکل سینٹر، آپریشن تھیٹر اور عملے کے کمروں کو سیل کر دیا۔

پولیس تھانہ سٹی نے لواحقین کی مدعیت میں لیڈی ڈاکٹر بشریٰ رباب کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر رحیم اللہ محسود کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جا رہی ہیں، اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔