ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بنوں میں اغواء کی وارداتوں میں اضافہ، تین روز کے دوران تین پولیس اہلکار اغواء کے بعد بازیاب Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

بنوں میں اغواء کی وارداتوں میں اضافہ، تین روز کے دوران تین پولیس اہلکار اغواء کے بعد بازیاب

بنوں میں اغواء کی وارداتوں میں اضافہ، تین روز کے دوران تین پولیس اہلکار اغواء کے بعد بازیاب

ضلع بنوں میں اغواء کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، صرف تین روز کے دوران تین پولیس اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کیا، جنہیں بعد ازاں مقامی عمائدین کی کوششوں سے بازیاب کرا لیا گیا۔ مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز پیپل بازار کے علاقے میں پولیو ڈیوٹی سے واپس آنے والے پولیس اہلکار ناہید اللہ اور عید محمد کو نامعلوم افراد نے اغواء کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔

 

 واقعے کے بعد مقامی عمائدین اور ایک معروف عالم دین کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں دونوں اہلکاروں کی رہائی ممکن ہو سکی۔ تاہم، اغواء کار اہلکاروں سے قبضے میں لیا گیا اسلحہ واپس نہیں کر سکے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز نیلگران پیپل داؤد شاہ کے مقام سے پولیس سپاہی رسول زمان کو بھی اغواء کیا گیا تھا، جنہیں مقامی مذاکرات کاروں کی کوششوں سے بازیاب کرایا گیا۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی علاقے سے چند روز قبل لکی مروت کے چار شہریوں کو بھی اغواء کیا گیا تھا، جن میں سے تین کو قتل کر دیا گیا جبکہ ایک مغوی کو چھوڑ دیا گیا۔ متواتر اغواء کے ان واقعات نے علاقے میں بدامنی کی نئی لہر کو جنم دیا ہے۔

علاقے کے عوام نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بنوں میں بڑھتی ہوئی اغواء اور قتل کی وارداتوں کے خاتمے کے لیے فوری، مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کا احساسِ تحفظ بحال ہو سکے۔

تازہ ترین