خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس نے فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے چوکی مزانگہ پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تین دہشتگردوں نے بارودی مواد سے بھرے رکشہ کے ذریعے تھانہ ہوید کی حدود میں قائم چوکی مزانگہ پر حملے کی کوشش کی، تاہم چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکشہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کی شدت سے قریبی گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے پولیس اہلکاروں کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزانگہ چوکی کے جوانوں نے فرض شناسی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی شاندار مثال قائم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنتہ الخوارج جیسے عناصر ریاست اور عوام کے دشمن ہیں، مگر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی ہر بزدلانہ کارروائی کو ناکام بناتے رہیں گے۔