ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
نوشہرہ: محکمہ مال تکمیل گھر آتشزدگی کیس کی تحقیقات مکمل، 7 اہلکار برطرف Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

نوشہرہ: محکمہ مال تکمیل گھر آتشزدگی کیس کی تحقیقات مکمل، 7 اہلکار برطرف

سپر ایڈمن - 15/10/2025 170
نوشہرہ: محکمہ مال تکمیل گھر آتشزدگی کیس کی تحقیقات مکمل، 7 اہلکار برطرف

نوشہرہ محکمہ مال کے تکمیل گھر میں آتشزدگی کیس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سات اہلکاروں کو فوری طور پر نوکریوں سے برخاست کردیا گیا ہے، جبکہ چار دیگر افسران کو غفلت برتنے پر دو سالہ انکریمنٹ کٹوتی کی سزا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 15 جنوری 2023 کو نوشہرہ کے علاقے پیرپائی، جی ٹی روڈ پر محکمہ مال کے تکمیل گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی، جس کے نتیجے میں قیمتی اراضی ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

 

واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر چارسدہ قیصر خان اور سینئر ممبر سی ایم بی ار محمد جاوید مروت پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے گیارہ اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ جاری کرنے کے بعد تفصیلی انکوائری مکمل کی۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق برطرف اہلکاروں میں ایک گرداور وقار علی، پانچ پٹواری بخت زمان شاہ، خیراج خان، سید کفایت شاہ، طارق رحیم اور عبداللہ شاہ شامل ہیں، جبکہ چوکیدار سکندر خان کو بھی غفلت کے الزام میں نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

 

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نائب تحصیلدار زاہد حسین، نائب تحصیلدار زر علی، نائب تحصیلدار افتخار احمد اور گرداور ریاض علی کو غفلت برتنے پر دو دو سال کے انکریمنٹ کٹوتی کی سزا دیف گئی ہے۔

تحقیقات کے دوران کمیٹی نے واضح کیا کہ واقعے کے وقت حفاظتی اقدامات میں سنگین کوتاہی برتی گئی، جس کے نتیجے میں قیمتی سرکاری ریکارڈ کا ناقابلِ تلافی نقصان ہوا۔