سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خوارج کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 9 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع اورکزئی کے علاقے غلجو میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 9 خوارج مارے گئے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تاکہ علاقے میں سرگرم دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک بڑی کارروائی کی گئی تھی، جس میں بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنۃ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت 9 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ فورسز نے بعد ازاں فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث تمام 30 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو بھی ہلاک کر دیا تھا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خوارج کے خلاف یہ آپریشنز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔