ضلع کرم کے علاقے مختلف سرحدی علاقوں پر افغانستان کی جانب سے بھاری ہتھیاروں سے حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے، جبکہ تری منگل کے علاقے میں گولہ گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق افغانستان کی سمت سے ضلع کرم کے تینوں اطراف، بالخصوص اپر کرم اور تری منگل کے مقامات پر شدید فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔ حملوں میں پاک افغان سرحد کے ساتھ ساتھ عام آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اپر کرم میں ہونے والے حملے میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار موقع پر شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔ اسی دوران تری منگل کے علاقے میں افغانستان کی جانب سے داغا گیا گولہ ایک گھر کے قریب آکر گرا، جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں مسلسل شیلنگ جاری ہے، تاہم پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے ٹھکانوں کو بھاری توپ خانے سے نشانہ بنایا ہے۔
علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی پٹی پر گشت مزید بڑھا دیا گیا ہے۔