پاراچنار وسطی کرم کے مختلف علاقوں سے فورسز کی ممکنہ کارروائی کے باعث مقامی آبادی کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، علاقہ مکین ٹل، ہنگو، کوہاٹ اور دیگر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، 8 اکتوبر کو وسطی کرم کے علاقے جبہ میلہ میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل راجہ جنید، میجر طیب سمیت 16 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
حملے کے بعد فورسز نے علاقے میں دہشت گرد تنظیم "فتنہ الخوارج" کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ذرائع کے مطابق، اب تک مختلف آپریشنز کے دوران تقریباً 40 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
فورسز کی ممکنہ پیش قدمی کے خدشے کے باعث وسطی کرم کے علاقوں علی شیرزئی، جبہ میلہ اور ملحقہ دیہات سے بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب، لوئر کرم میں صورتحال کے پیشِ نظر اتوار کے روز مرکزی شاہراہ بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔