ڈیرہ اسماعیل خان، پولیس ٹریننگ سکول رتہ کلاچی پر دہشتگردوں کے حملے کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق، گزشتہ شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے بارود سے بھرا ٹرک سکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دیا جس کے نتیجے میں دیوار گر گئی اور دو پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مختلف یونیفارم پہنے دہشتگرد سکول کے احاطے میں داخل ہو گئے اور فائرنگ شروع کر دی، جس پر ڈیوٹی پر موجود جوانوں نے بہادری سے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور پولیس اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور آپریشن کی خود نگرانی کی۔ بعد ازاں آر پی او سید اشفاق انور بھی موقع پر پہنچ گئے اور جوانوں کے حوصلے بلند کرتے رہے۔
پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی پانچ گھنٹے طویل کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زیر تربیت ریکروٹس اور عملے کے 200 سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت اور کامیاب کارروائی پر آر پی او سید اشفاق انور اور ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد سمیت تمام پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی جی پی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا۔