ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن مکمل کرلیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ٹریننگ سکول کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ترجمان نے بتایا کہ حملے میں ایک خودکش حملہ آور سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر بھرپور حصہ لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ، ایس ڈی پی او اور پاک فوج کے البرق ڈویژن کے ایس ایس جی کمانڈوز نے آپریشن کی براہِ راست نگرانی کی۔ اطلاعات کے مطابق کچھ دہشت گرد نادرا آفس کے قریب موجود تھے جن کے خلاف کارروائی جاری رہی، جبکہ بعض دہشت گرد شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق حملے کا آغاز ٹریننگ سکول کے مین گیٹ پر خودکش دھماکے سے ہوا، تاہم پولیس کے فوری ردعمل اور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد سکول کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔
یاد رہے ڈیرہ اسماعیل خان میں رات کے وقت نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر پر اچانک حملہ کیا۔ جس کے بعد پولیس و سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جوابی کارروائی شروع کیں۔