ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایت پر سی ٹی ڈی اور بنوں پولیس نے ڈومیل کے علاقے کمپنی روڈ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سی ٹی ڈی کے چار بہادر اہلکاروں کی شہادت کے ماسٹر مائنڈ راشدین عرف ملنگ یار بھی شامل ہے۔ دہشتگرد مختلف مقدمات میں بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ہینڈ گرنیڈ اور کالعدم تنظیم کے کارڈز برآمد کرلیے گئے، جبکہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
ڈی آئی جی سجاد خان نے آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں امن کے قیام کی ضمانت ہیں، بنوں ریجن کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔