ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اورکزئی حملے میں ملوث تمام 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، سیکیورٹی ذرائع Home / جرائم,عوام کی آواز /

اورکزئی حملے میں ملوث تمام 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، سیکیورٹی ذرائع

سپر ایڈمن - 10/10/2025 314
اورکزئی حملے میں ملوث تمام  30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی فورسز نے اورکزئی میں حالیہ دہشتگرد حملے میں ملوث تمام 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ وہی دہشتگرد تھے جو لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں کی شہادت میں ملوث تھے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کر دیے اور علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کئےگئے۔

 

اس سے قبل 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال، تعلق راولپنڈی) اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت (عمر 33 سال، تعلق راولپنڈی) نے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔

شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل (خیبر)، نائیک عدیل حسین (کرّم)، نائیک گل عامر (ٹانک)، لانس نائیک شیر خان (مردان)، لانس نائیک تالش فراز (مانسہرہ)، لانس نائیک ارشاد حسین (کرّم)، سپاہی طفیل خان (مالاکنڈ)، سپاہی عاقب علی (صوابی) اور سپاہی محمد زاہد (ٹانک) شامل تھے۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ملک بھر میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔ فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو کسی بھی صورت دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا۔

تازہ ترین