ضلع اورکزئی کے بارڈر علاقے سمانہ، قوم رابیعہ خیل تحصیل اسماعیل زئی میں فیڈرل کانسٹیبلری کی سنگر پوسٹ پر شرپسندوں نے اچانک فائرنگ کر دی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں نے 5 سے 6 راؤنڈز سنائپر فائر کئے، جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار رحمت اللہ شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کیا گیا، تاہم خون زیادہ بہہ جانے کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، سنائپر فائر ان کے سینے کے بائیں جانب لگا تھا، جس سے حالت نازک ہو گئی تھی۔
تاہم، سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی فائرنگ کی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ ’’فتنہ الخوارج‘‘ کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب ہونے والی کارروائی میں فورسز نے 19 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (عمر 39 سال) اور میجر طیب راحت (عمر 33 سال) سمیت 11 اہلکاروں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔