ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے موسیٰ زئی میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (گنڈاپور گروپ) کے پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے میجر سبطین رضا ہزارہ شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ تین ہلاک شدت پسندوں کی لاشیں فورسز نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت یا فرار کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
دوسری جانب، تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی کھتی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں کے حملے میں انچارج احمد نواز مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے اچانک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کا پولیس اہلکاروں نے فوری اور جرات مندانہ جواب دیا، تاہم انچارج احمد نواز دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
شہید احمد نواز کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور، ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ، سیکیورٹی فورسز کے افسران، پولیس کے اعلیٰ حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی جبکہ شرکاء نے پھول نچھاور کیے اور شہید کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔