وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان سے رابطہ کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی واپس نہیں لی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر آئی جی پولیس کو ہدایت جاری کی کہ ایمل ولی خان کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی کمی یا تبدیلی ہرگز نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایمل ولی خان اور ان کے خاندان پر حملے ہو چکے ہیں، اس لیے کسی کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہم اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، مخالفین کی جان یا عزت پر سیاست نہیں۔ میری ہدایت پر ایمل ولی خان کی سیکیورٹی بند نہیں کی گئی، اور اس وقت بھی خیبرپختونخوا پولیس ان کے ہمراہ تعینات ہے۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وفاقی اداروں کا اختیارات کا ناجائز استعمال قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاسی اختلافات کے باوجود عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔