گزشتہ شب آئی ای ڈی دھماکے میں زخمی ہونے کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) میں جان بحق ہونے والے پولیس اہلکار محمد سجاد کی نمازِ جنازہ آج ملک سعد شہید پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں قائمِ مقام آئی جی خیبرپختونخواہ پولیس محمد علی بابا خیل، سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد، ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، پاک آرمی کے حکام، ایس ایس پی کوآرڈی نیشن خالد خان، ایس پی ہیڈ کوارٹرز علی گوہر، سی ٹی ڈی کے افسران، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، دیگر پولیس افسران و اہلکار اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، افسران اور پاک آرمی کے نمائندوں نے تابوت پر پھول چڑھائے اور شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کی گئیں۔
قائمِ مقام آئی جی محمد علی بابا خیل اور سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید محمد سجاد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکار کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گڑھی قمر دین میں بارودی مواد کے دھماکے میں زخم آئے تھے، جن کے نتیجے میں وہ بعد ازاں ایل آر ایچ میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔