وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت مکمل کیا جائے گا، جبکہ نجی کمپنی کی تجویز کو شفافیت کے لیے مارکیٹ میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا کی جامعات مالی بحران کا شکار، تنخواہیں اور پنشن بھی ادا کرنا مشکل
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت پشاور میں کچرے سے خاص قسم کا ایندھن (RDF) تیار کیا جائے گا، جو سیمنٹ فیکٹریوں میں کوئلے کے متبادل کے طور پر استعمال ہوگا۔ اس مقصد کے لیے شمشتو لینڈ فل سائٹ پر جدید مشینری نصب کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے شہر میں صفائی کا نظام بہتر ہوگا، کوئلے کی درآمد کم ہوگی، زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ اس کے علاوہ یہ منصوبہ ماحول کے لیے بھی بہتر ثابت ہوگا۔
حکام نے بتایا کہ اس منصوبے سے آلودگی میں کمی آئے گی اور کچرے کے ڈھیر بھی کم ہوں گے۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو اسے صوبے کے دیگر بڑے شہروں تک بھی بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
