خیبرپختونخوا میں آج رات سے 20 مارچ تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 

 

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: رحیم یار خان: امدادی رقم کی تقسیم کے دوران دکان کی چھت گر گئی، خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور مہمند میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 

اسی طرح کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

ادارے کے مطابق ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، چترال، دیر، خیبر، کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عید کے ایام میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

ادارے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی بروقت صفائی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو پیشگی آگاہی فراہم کی جائے۔ کاشتکاروں اور مال مویشی پال حضرات کو بھی فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ عوام سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔