نوشہرہ پولیس لائن میں شہداء فنڈ سے رشوت وصولی کا سنگین اسکینڈل بے نقاب ہوگیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہداء ڈیسک کے انچارج اے ایس آئی جہانگیر خان کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے ساتھی قاری ابراہیم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آر آئی سب انسپکٹر زاہد نواز جدون کی مدعیت میں تھانہ اضاخیل میں درج مقدمے میں انکشاف کیا گیا کہ سولہ شہداء کی فیملیز سے فی کس 10 ہزار روپے رشوت وصول کی گئی، جس کی مجموعی رقم ایک لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔
تحقیقات میں اے ایس آئی جہانگیر خان نے اعتراف کیا کہ اس نے پچاس ہزار روپے خود رکھے جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار روپے قاری ابراہیم کے پاس تھے۔ بعد ازاں دونوں ملزمان نے بیشتر رقم واپس جمع کرا دی، تاہم قاری ابراہیم نے 10 ہزار روپے اپنے پاس رکھ لیے۔
پولیس حکام کے مطابق شہداء فنڈ سے رشوت لینا انتہائی سنگین جرم اور شہداء کے مقدس خون سے غداری کے مترادف ہے۔ اس واقعے پر شہداء کی فیملیز اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔پولیس نے اے ایس آئی جہانگیر خان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ قاری ابراہیم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔