ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بنوں: دہشتگردی، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف امن جرگہ، مشران کا اتحاد Home / جرائم,خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

بنوں: دہشتگردی، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف امن جرگہ، مشران کا اتحاد

بنوں: دہشتگردی، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف امن جرگہ، مشران کا اتحاد

بنوں میں دہشتگردی، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے واقعات کے خلاف قومی امن گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگہ سپورٹس کمپلیکس میں ہوا، جس میں اقوامِ بنوں، احمدزئی، اتمانزئی، بنوچی مشران، شمالی وزیرستان کے عمائدین، علماء کرام، وکلاء اور تاجر برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

مشران نے حالیہ بدامنی، بم دھماکوں اور اغواء کاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سڑکیں کھولی جائیں اور شہریوں کو معمولاتِ زندگی کی سہولت فراہم کی جائے۔ جرگہ کے شرکاء نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ آئندہ جرگہ 9 اکتوبر کو سوکڑی ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مستقبل کی حکمت عملی طے ہوگی۔

 

امن جرگہ کے منتظم ممیز اللہ خان عرف جہاد یار خان نے خطاب میں کہا کہ بدامنی نے نہ صرف شہریوں بلکہ سرکاری ملازمین کو بھی غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر تھانوں پر حملے اور بم دھماکے معمول بن گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے نام پر سڑکوں کی بندش نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کیا ہے۔

 

مرید حیات خان ایڈووکیٹ، رکن بنوں امن کمیٹی نے کہا کہ سڑکوں کی بندش اور اغواء برائے تاوان کے بڑھتے واقعات شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں، اس لیے ان مسائل کا فوری حل ناگزیر ہے۔

 

جے یو آئی (س) کے ضلعی امیر مولانا فدا احمد شاہ نے کہا کہ اغواء برائے تاوان، دہشتگردی اور سڑکوں کی بندش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بڑھتی بدامنی کے باعث بچے تعلیم سے محروم ہیں اور روزگار کے مواقع بھی ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین