مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقہ کوہی برمول میں بھیڑ بکریوں کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق جبکہ ایک بھائی شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق افراد میں 24 سالہ سلیم الرحمن اور 22 سالہ غنی الرحمن شامل ہیں جبکہ 20 سالہ اکرام شدید زخمی ہوا۔ تینوں بھائی رحمت خان کے بیٹے اور ساکنان کوہی برمول تھے۔
واقعے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ہسپتال پہنچا دی گئیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر فریقین کے درمیان بھیڑ بکریوں پر تنازع کے بعد پیش آیا جس پر تکرار فائرنگ میں بدل گئی۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔