ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں سلیم عباس کلاچی کے مطابق پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ پیردل خیل روڈ پر نامعلوم دہشت گرد آئی ای ڈی نصب کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔ تاہم دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران دو مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں اسپتال منتقل کر کے شناخت کا عمل جاری ہے۔
ڈی پی او کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑا ممکنہ دہشت گرد حملہ ناکام بنایا گیا۔ علاقے میں سرچ اور اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری ہے تاکہ مزید خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی تھانہ کینٹ کی حدود کرم گڑھی داودشاہ میں پولیس پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد ہونے والے آپریشن میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس واقعے میں ایک راہگیر جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے تھے۔ مسلسل کئی دنوں سے تھانہ کینٹ کے علاقوں کرم گڑھی اور داودشاہ میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت رپورٹ کی جارہی ہے۔