ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
بنوں میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ،اےاین پی رہنما کا بھائی زخمی Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

بنوں میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ،اےاین پی رہنما کا بھائی زخمی

سپر ایڈمن - 24/09/2025 287
بنوں میں سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ،اےاین پی رہنما کا بھائی زخمی

 

بنوں کے علاقے ممندخیل، آیاز کلے میں گورنمنٹ گرلز اسکول کے قریب سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا، جس سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گئی۔

 

جھڑپ کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صدر شہید اسرائیل خان وزیر کے بھائی، ملک لائق خان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

 

علاقے کے عوام بھی پولیس کے ساتھ کھڑے نظر آئے جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سلیم عباس کلاچی نے خود کارروائی کی نگرانی کی۔ ذرائع کے مطابق، عسکریت پسند قریبی گاؤں میں روپوش ہو گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

شہریوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں اور شہری آبادی کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اب ہر جگہ پھیل چکی ہے اور کوئی علاقہ محفوظ نہیں رہا، لہٰذا امن کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔


دوسری جانب بکاخیل منڈی میں جرگے کے دوران اقوام بنوں، احمد زئی اور اتمان زئی کے مشران نے خطے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا۔

 

 مشران نے ٹارگٹ کلنگ اور اغواء جیسے واقعات کو منظم سازش قرار دیتے ہوئے آئندہ منگل کو بنوں سپورٹس کمپلیکس میں گرینڈ جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا، جہاں تمام طبقات کو شرکت کی دعوت دی گئی۔