ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور سے گزشتہ روز اغوا ہونے والے نجی موبائل انٹرنیٹ کمپنی CNEC کے آپٹیکل فائبر انجینئر اور دو دیگر اہلکار تاوان کی ادائیگی اور امن جرگہ کے کامیاب مذاکرات کے بعد بازیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مغویوں کی رہائی 15 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی اور مقامی کالعدم تنظیم کے ساتھ جرگہ کے معاہدے کے بعد ممکن ہوئی۔ معاہدے کی شرط یہ تھی کہ رہائی کے بعد اغوا کاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
امن جرگہ نے تینوں مغویوں کو نظام پور کے قریب پی ایس او پٹرول پمپ پر ورثا اور پولیس کے حوالے کیا۔ بازیاب ہونے والوں میں آپٹیکل فائبر انجینئر کاشف اسرار، مزدور مبشر ولد امیر زمان سکنہ کرک اور ڈرائیور زاہد ولد فتح خان سکنہ مردان شامل ہیں۔
کاشف اسرار کے والد محمد اسرار نے کہا کہ جرگہ نے ان کے بیٹے اور دیگر مغویوں کو شام ساڑھے چھ بجے کے قریب ان کے حوالے کیا۔
مذاکرات میں سابق ناظم شاد خٹک، راجہ استاد، میرو حوالدار، عبدالقادر اور اصلائی کمیٹی کے دیگر مشران شریک ہوئے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بھی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں اہلکار مقامی امن جرگہ کے ذریعے حوالے کیے گئے، جبکہ مغویوں کی موٹر کار چند روز قبل برساتی نالہ خورڈ سے برآمد ہوئی تھی۔