ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور: صلح نامہ خارج، خواجہ سراتتلی قتل کیس کا ملزم جیل بھیج دیا گیا Home / جرائم,عوام کی آواز /

پشاور: صلح نامہ خارج، خواجہ سراتتلی قتل کیس کا ملزم جیل بھیج دیا گیا

سپر ایڈمن - 23/09/2025 346
پشاور: صلح نامہ خارج، خواجہ سراتتلی قتل کیس کا ملزم جیل بھیج دیا گیا

ایڈیشنل سیشن جج پشاور نے کم عمر خواجہ سرا فرمان علی عرف تتلی کے قتل کیس میں مرکزی ملزم عامر کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے یہ فیصلہ مقتول کے لواحقین کی جانب سے پیش کئے گئے صلح نامے کے باوجود سنایا۔

 

کیس ریکارڈ کے مطابق تقریباً 16 سالہ تتلی گلبہار میں عامر کے ساتھ رہ رہی تھی۔ تعلقات میں خرابی کے بعد عامر نے معمولی بات پر تتلی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے مقتول کے والد اور چچا سے صلح نامہ کر کے عدالت میں پیش کیا۔

 

مقتولہ کے گرو انمول کی جانب سے ایڈووکیٹ مہوش محب کاکاخیل اور ایڈووکیٹ نعمان محب کاکاخیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ خواجہ سرا برادری کے رسم و رواج کے مطابق تتلی اپنے خاندان سے الگ ہو کر اپنے گرو کے ساتھ رہ رہی تھی، اس لیے اصل مدعی انمول ہیں۔

 

وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ عامر پر معمولی بات پر مقتول کو ایک درجن سے زائد گولیاں چلانے کا براہ راست الزام ہے، اس لیے یہ سنگین مقدمہ ہے جس میں صلح کو قبول نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقتول کے حیاتی والدین نے اس کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں دکھائی، لہٰذا صلح غیر فطری اور قانونی طور پر مشکوک ہے۔

 

وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمے میں فساد فی الارض اور غیرت کے نام پر قتل کی دفعات بھی لاگو ہوتی ہیں، اس لیے ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

 

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد صلح نامہ مسترد کرتے ہوئے ملزم کی قبل از گرفتاری ضمانت منسوخ کر دی اور اسے فوری طور پر پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم جاری کیا۔

تازہ ترین