وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے مثبت پیغام موصول ہوا ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت مذاکرات کرے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں بدامنی اور لاقانونیت پھیلائی جا رہی ہے، ہمارے خلاف تمام مقدمات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آزادی کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جلسوں کے ذریعے یہ ثابت کریں گے کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کو آئین کے مطابق کام کرنا چاہیے کیونکہ ہم عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی حکومت چاہتی ہے کہ مسائل حل ہوں، اسی لیے ان کی جانب سے مثبت پیغام آیا ہے اور اس پر صوبائی حکومت کا وفد مذاکرات کرے گا۔ علی امین گنڈاپور کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزیر کا بیان افسوس ناک ہے۔
ایشیا کپ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ عام مقابلہ نہیں ہوتا لیکن بار بار شکست سے پوری قوم کو افسوس ہوتا ہے۔