خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور حصار تنگ سے نجی موبائل انٹرنیٹ کمپنی CNEC کے آپٹیکل فائبر انجینئر سمیت تین اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے گاڑی سمیت اغوا کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق اغوا کیے گئے افراد میں آپٹیکل فائبر انجینئر کاشف اسرار سکنہ کرک، مزدور مبشر اللہ اور ڈرائیور زاہد اللہ خان سکنہ پار ہوتی مردان شامل ہیں۔
کمپنی CNEC نیٹ کام کے ترجمان نے اپنے اہلکاروں کے گن پوائنٹ پر اغوا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب مغوی انجینئر کے والد محمد اسرار خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے نمبر سے اہلِ خانہ سے پچاس لاکھ روپے تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔