پشاور کے علاقے جمیل چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تھانہ پھندو کا پولیس اہلکار بابر خان شدید زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اہلکار چھٹی پر تھا اور اپنے بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے اسے نشانہ بنایا۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ایس پی سٹی ارشد خان بھی موقع پر موجود تھے۔
بعد ازاں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد نے رات گئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زیر علاج اہلکار بابر خان کی عیادت کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد، ایس پی سٹی محمد عتیق شاہ اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز واجد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سی سی پی او نے معالج ڈاکٹروں سے اہلکار کے علاج کی صورتحال دریافت کی اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایک اے ایس آئی فائرنگ کے واقعے میں شہید ہوگئے تھے۔