خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں ڈینگی بخار کی صورتحال سنگین ہو گئی ہے۔ تحصیل پبی کے علاقے جلوزئی میں کسٹمز کے ملازم نوجوان ہارون خان ڈینگی کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نوشہرہ کی تینوں تحصیلوں میں اب تک سینکڑوں افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دوسری جانب نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی مفتی حاکم علی حقانی نے ڈینگی کی بڑھتی ہوئی وبا پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ تاحال کسی قسم کی منظم انسداد ڈینگی مہم کا آغاز نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ صحت، ٹی ایم ایز اور ضلعی انتظامیہ کی خاموشی عوام دشمنی کے مترادف ہے۔
علاقہ مکینوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر انسداد ڈینگی اسپرے اور صفائی مہم شروع کی جائے تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔