ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
پشاور میں جدید کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر، سائبر نائف اور پی ای ٹی اسکین سہولت کے قیام پر کام جاری Home / خیبر پختونخوا,صحت /

پشاور میں جدید کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر، سائبر نائف اور پی ای ٹی اسکین سہولت کے قیام پر کام جاری

سپر ایڈمن - 20/09/2025 327
پشاور میں جدید کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر، سائبر نائف اور پی ای ٹی اسکین سہولت کے قیام پر کام جاری

 

محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں کینسر کے علاج کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پہلی مرتبہ سائبر نائف روبوٹک ریڈیو سرجری اور پی ای ٹی/سی ٹی اسکین کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ منصوبے کے لیے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے تجاویز بھی طلب کر لی گئی ہیں۔

 

مشیر صحت احتشام علی کے مطابق یہ سہولت صوبے کی تاریخ میں کینسر کے علاج کا ایک نیا دور ثابت ہوگی اور برسوں سے موجود خلا کو پورا کرے گی۔ اس اقدام کے بعد خیبرپختونخوا کے مریضوں کو علاج کے لیے کراچی یا دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ ہر سال صوبے میں گیارہ ہزار سے زائد نئے کینسر کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، ایسے میں یہ منصوبہ بروقت اور زندگی بچانے والا قدم ہے۔

 

سائبر نائف سسٹم پیچیدہ اور ناقابلِ آپریشن ٹیومرز کے لیے غیر جراحی اور انتہائی درستگی کے ساتھ علاج کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ پی ای ٹی/سی ٹی اسکین کینسر کی بروقت تشخیص، درست اسٹیجنگ اور موزوں علاج کی منصوبہ بندی میں مدد دے گا۔

 

ان جدید سہولیات سے علاج کے نتائج بہتر ہوں گے، شرح اموات میں کمی آئے گی اور مریضوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ مرکز نہ صرف علاج بلکہ میڈیکل ریسرچ، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا، جس سے خیبرپختونخوا پاکستان میں جدید آنکولوجی کے شعبے میں رہنما کے طور پر ابھرے گا۔

 

مشیر صحت نے کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت مریضوں اور ان کے خاندانوں پر معاشی و نفسیاتی بوجھ کم کرے گی اور صوبے کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنائے گی۔

تازہ ترین