پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ مستند شواہد موجود ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشتگردی اور سنگین جرائم میں ملوث ہیں جبکہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشتگردی میں کردار ادا کر رہا ہے۔
پی ٹی وی نیوز پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 برسوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور ان کی باعزت واپسی کے لیے منظم اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان کے بقول افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی بنیادی وجوہات، یعنی غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی، اب ختم ہو چکی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ انسانی بنیادوں پر افغان مہاجرین کے انخلا کی ڈیڈ لائن میں کئی بار توسیع کی گئی، تاہم اب بھی غیر قانونی افغان باشندے ملک میں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث پائے جا رہے ہیں۔
بھارت کے حوالے سے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے اندر پرتشدد واقعات اس کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی اور بیرونی مسائل کو اندرونی بنا کر پیش کر رہی ہے۔