ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
کوہاٹ: درہ آدم خیل میں اغوا کی کوشش پر مزاحمت، پولیس اہلکار قتل Home / جرائم,عوام کی آواز /

کوہاٹ: درہ آدم خیل میں اغوا کی کوشش پر مزاحمت، پولیس اہلکار قتل

Basit Gilani - 18/09/2025 430
کوہاٹ: درہ آدم خیل میں اغوا کی کوشش پر مزاحمت، پولیس اہلکار قتل

باسط گیلانی

 

کوہاٹ کے ٹرائبل سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقے طور چھپر میں مسلح افراد نے پولیس اہلکار یونس خان کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر اہلکار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسلح افراد اہلکار کے گھر پہنچے اور اسے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ یونس خان کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔

 

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور شہید اہلکار کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال کوہاٹ منتقل کی گئی۔ بعد ازاں یونس خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کی گئی، جس میں ڈی آئی جی عباس مجید مروت، ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ شہید اہلکار کو پولیس اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا اور جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اہلکار "جاسوسی" میں ملوث تھا اور پکڑنے کی کوشش پر فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اہلکار کی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی بھی ہوا، تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

 

یاد رہے کہ دو روز قبل چارسدہ کے علاقے ماجوکی میں بھی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹبل فصیح الدین شہید جبکہ اے ایس آئی قیصر خان شدید زخمی ہوگئے تھے۔شہید ہیڈ کانسٹبل فصیح الدین کا تعلق درگئی سے تھا اور وہ تین بچوں کے والد تھے۔

تازہ ترین