خیبر میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی صوبائی حکومت کی جانب سے منظور شدہ خصوصی پیکج کے تحت وادی تیراہ واقعہ کے جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین میں 9 کروڑ 50 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔
اس سلسلے میں جرگہ ہال تحصیل تیراہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کمانڈر 27 بریگیڈ بریگیڈئیر آصف خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) ارشاد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عصمت اللہ اور تحصیلدار محمد شباب سمیت مختلف اقوام کے مشران، تاجر برادری اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر خیبر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت نے وادی تیراہ کے متاثرہ خاندانوں کیلئے خصوصی امدادی پیکج کی منظوری دی تھی، جس کے تحت 22 متاثرہ افراد کے لواحقین میں امدادی رقوم تقسیم کی گئیں۔ پیکج کے مطابق جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس ایک ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے ورثا کو فی کس پچیس لاکھ روپے کے امدادی چیک دیے گئے۔