چارسدہ کے علاقے تھانہ سرڈھیری کی حدود دوسہرہ سپین اعراب میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او سلیم خان زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں اشتہاری مجرم ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب پولیس نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، تاہم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان ہسپتال پہنچے اور زخمی ایس ایچ او کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمی افسر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں ڈی پی او محمد وقاص خان اور ایس پی انوسٹی گیشن سجاد خان بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور آپریشن کی قیادت خود سنبھالی۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا مجرم اشتہاری اور سابقہ سزایافتہ تھا، جو متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ علاقے میں دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل چارسدہ کے علاقے ماجوکی میں بھی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹبل فصیح الدین شہید جبکہ اے ایس آئی قیصر خان شدید زخمی ہوگئے تھے۔
شہید ہیڈ کانسٹبل فصیح الدین کا تعلق درگئی سے تھا اور وہ تین بچوں کے والد تھے۔ ان کی میت کو پولیس لائنز چارسدہ منتقل کیا گیا، جہاں رات گئے نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی گاؤں درگئی میں سپرد خاک کیا گیا۔