ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
ڈی آئی خان: ٹک ٹاکرز کے خلاف وکلاء میدان میں، فحاشی اور نازیبا ویڈیوز پر کارروائی کا مطالبہ Home / جرائم,خیبر پختونخوا,عوام کی آواز /

ڈی آئی خان: ٹک ٹاکرز کے خلاف وکلاء میدان میں، فحاشی اور نازیبا ویڈیوز پر کارروائی کا مطالبہ

نثار بیٹنی - 16/09/2025 429
ڈی آئی خان: ٹک ٹاکرز کے خلاف وکلاء میدان میں، فحاشی اور نازیبا ویڈیوز پر کارروائی کا مطالبہ

نثار بیٹنی

 

ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹک ٹاکرز کی جانب سے نازیبا الفاظ اور فحش مواد پر مبنی ویڈیوز بنانے کے خلاف وکلاء نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سجاد احمد کو درخواست جمع کرادی ہے۔

 

ان کا مؤقف ہے کہ ٹک ٹاکرز مایا بھائی اور بشری زہرہ سمیت دیگر افراد غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر معاشرے میں انتشار اور فحاشی پھیلا رہے ہیں، جس سے ڈیرہ اسماعیل خان کا تشخص متاثر ہو رہا ہے۔ وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ویڈیوز نئی نسل اور طلباء پر انتہائی منفی اثر ڈال رہی ہیں، لہٰذا ان افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

 

وکلاء نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر رانی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی لیکن مایا بھائی اور بشری زہرہ کے خلاف اب تک کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے ڈی پی او سے مطالبہ کیا کہ مقامی پولیس کو سخت کارروائی کے احکامات دیے جائیں۔

 

درخواست گزاروں میں سید عثمان شاہ ایڈووکیٹ، خرم خلیل بلوچ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، نعمان سہیل ایڈووکیٹ اور اکبر سلیم بلوچ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ شامل ہیں۔ 

 

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے خیبر پختونخوا پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ وہ افراد ہیں جو ٹک ٹاک لائیو پر غیر اخلاقی مواد اور نازیبا حرکات کے ذریعے معاشرے میں بگاڑ پیدا کر رہے ہیں۔ اس دوران مردان، صوابی، پشاور اور مانسہرہ سے متعدد ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں حارث عرف باچاجی، پہلوان مردانی، ذیشان، زاہد ارمان، پرنس عبداللہ، عالمگیر اور خواتین ٹک ٹاکرز بوم بوم پری، علیشاہ 007 اور ان کی والدہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ ان سب پر الزام ہے کہ وہ فحش زبان، گالم گلوچ اور غیر اخلاقی حرکات کے ذریعے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو منفی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ اس عمل کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے میں پھیلتی فحاشی پر قابو پایا جا سکے۔

تازہ ترین