ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
اسلامیہ کالج پشاورلیکچرر قتل کیس: عدالت نے مجرم کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی Home / جرائم,خیبر پختونخوا /

اسلامیہ کالج پشاورلیکچرر قتل کیس: عدالت نے مجرم کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی

سپر ایڈمن - 15/09/2025 1576
اسلامیہ کالج پشاورلیکچرر قتل کیس: عدالت نے مجرم کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی

 

 اسلامیہ کالج پشاور کے لیکچرر بشیر احمد قتل کیس میں نامزد سیکیورٹی  گارڈ شیر محمد کو پولیس نے ضلع کرک سے گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا، جہاں جرم ثابت ہونے پر اسے 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ 19 فروری 2023 کو پیش آیا جب ملزم نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے انگریزی شعبے کے لیکچرر بشیر احمد کو قتل کر دیا۔ مقتول کا تعلق ضلع مردان کے علاقے تورڈھیر سے تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم کو پولیس نے کارروائی کے دوران کرک سے گرفتار کر کے پشاور منتقل کیا۔

 

اسلامیہ کالج حکام کے مطابق ملزم اور مقتول کے درمیان ایک ماہ قبل بھی کسی نامعلوم معاملے پر تلخ کلامی ہو چکی تھی، جس کے بعد اساتذہ نے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سیکیورٹی کو گارڈ کی تبدیلی کی درخواست بھی دی تھی تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

 

واقعے کے بعد اسلامیہ کالج کے طلبہ نے دو روز تک احتجاج کیا اور فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، جس کے بعد کالج انتظامیہ نے 20 سے 25 فروری تک ادارے کو بہار کی تعطیلات کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا۔

 

عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ نے گواہان اور شواہد پیش کیے، جن کی بنیاد پر عدالت نے ملزم شیر محمد کو دفعہ 302 کے تحت 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی، تاہم دفعہ 404 میں ناکافی شواہد کے باعث بری کر دیا گیا۔

تازہ ترین