ٹی این این اردو - TNN URDU Logo
تیراہ: قومی شوریٰ کی کارروائی، فحاشی کے الزام میں چار گھروں کو آگ لگا دی Home / جرائم,قبائلی اضلاع /

تیراہ: قومی شوریٰ کی کارروائی، فحاشی کے الزام میں چار گھروں کو آگ لگا دی

سپر ایڈمن - 14/09/2025 702
تیراہ: قومی شوریٰ کی کارروائی، فحاشی کے الزام میں چار گھروں کو آگ لگا دی

 

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں برقمبرخیل قبیلے کی قومی شوریٰ نے مبینہ فحاشی اور بے حیائی کی روک تھام کے نام پر کارروائی کرتے ہوئے چار گھروں کو نذرِ آتش کردیا۔

 

واقعات کے مطابق وادی تیراہ کے نواحی علاقے برقمبرخیل حیدر کنڈاؤ کاریگر کلے میں شوریٰ نے دو نوجوان لڑکوں اور دو لڑکیوں کے گھروں کو جلانے کا حکم دیا۔ شوریٰ کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب تقریباً دو ماہ قبل گاؤں میں مقیم نوجوانوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز اور آڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

 

قومی مشران حاجی ظاہر اور کمال الدین نے کہا کہ معاملے کو قبائلی اقدار اور روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق گھروں کو جلانے کا فیصلہ کسی قانونی یا شرعی ضابطے کے تحت نہیں بلکہ آفریدی قبائل کی صدیوں پرانی روایات کے مطابق کیا گیا۔ ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد دونوں لڑکے علاقے سے فرار ہوچکے ہیں۔

 

برقمبرخیل قومی شوریٰ کے اس فیصلے پر مختلف سیاسی و سماجی حلقوں اور دیگر قبائل کے مشران نے حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی روایات پر عمل درآمد ہی علاقے میں امن قائم رکھنے اور فحاشی کی روک تھام کا واحد ذریعہ ہے۔

 

ادھر قمبرخیل شوریٰ نے بھی اعلان کیا ہے کہ منشیات خصوصاً آئس کے کاروبار میں ملوث افراد کو علاقہ بدر کیا جائے گا جبکہ کمسن بچوں کی آوارگی اور لونڈہ بازی کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

تازہ ترین