ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خواتین کو اغواء کرکے فروخت کرنے کے الزام میں ایک دکاندار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت نصیب اللہ شینواری ولد رحمت اللہ عرف پاپوس سکنہ پیروخیل لنڈی کوتل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم لنڈی کوتل میں خواتین کے ملبوسات اور دیگر اشیاء کی دکان چلا رہا تھا اور مبینہ طور پر اسی پردے میں لڑکیوں کو ورغلا کر سوات میں فروخت کرتا رہا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے اپنے ہی علاقے کی ایک خاتون کو ورغلا کر اغواء کیا اور بعد ازاں سوات میں فروخت کردیا۔ مذکورہ خاتون کے اہل خانہ طویل عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سنگین مقدمات میں پہلے ہی سوات پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ایک منظم گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں اور سوات پولیس کو ملزم کی گرفتاری سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید بے چینی پائی گئی جبکہ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم اور اس کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔