خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل پولیس نے تشدد کے واقعے میں ملوث صدام شینواری ولد خیال محمد اشرف خیل خوگا خیل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یکم ستمبر 2025 کی شام ملزم نے معمولی شرارت پر اپنے 13 سالہ بھتیجے ارسلان ولد انقلاب خان کو رسیوں سے باندھ کر اہل خانہ کے سامنے گرم الیکٹرک کاویا سے اذیت دی۔ ملزم نے بچے کے دونوں پاؤں کے تلوں کو داغا جس سے وہ شدید تکلیف کے باعث بے ہوش ہوگیا۔
واقعے کے وقت دیگر گھر کے افراد بھی موجود تھے، تاہم کسی نے مداخلت یا بچے کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔ ارسلان کے والد روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہیں، جبکہ زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کرنے کے بجائے گھر پر ہی مرہم پٹی کی جاتی رہی، جس سے اس کی حالت مزید بگڑتی گئی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق بچے کو شدید ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا رہا، جبکہ والدہ اور بہن بھائی بھی صدمے سے دوچار ہیں۔ متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
دوسری جانب متاثرہ خاندان نے ڈی پی او خیبر مظہر اقبال رائے، ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی، ایڈیشنل ایس ایچ او زینت خان آفریدی اور دیگر اہلکاروں کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا۔